کراچی: پاکستانی تاریخ کے کامیاب ترین بلے باز یونس خان نے انڈر 19 قومی ٹیم کی کوچنگ میں دل چسپی ظاہر کردی.
تفصیلات کے مطابق کرکٹ لیجنڈ نے کہا ہے کہ اگر انھیں یہ پیش کش ہوئی، تو وہ اسے اپنے لیے اعزاز سمجھیں گے.
پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے یونس خیال نے ان خیالات کا اظہار اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. یونس خان کا کہنا تھا کہ اگر انھیں نوجوان کھلاڑیوں کی کوچنگ کا موقع ملا، تو یہ ان کے لیے ایک اعزاز ہوگا اور وہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کریں گے.
یاد رہے، پاکستانی جونیئر ٹیم نے انڈر 19 ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور تیسری پوزیشن اپنے نام کی، البتہ قومی ٹیم کو روایتی حریف بھارت کے خلاف 203 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد کوچ کی تبدیلی کا مطالبہ زور پکڑنے لگا.یاد رہے کہ قومی انڈر 19 ٹیم کے موجودہ کوچ منصوررانا جبکہ ندیم خان ٹیم کے منیجر ہیں.
انڈر19کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان نےتیسری پوزیشن حاصل کرلی
چند حلقوں کی جانب سے اس ضمن میں یونس خان کو موزوں قرار دیا جارہا ہے. سابق کپتان نے اس ضمن میں اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ اگر انھیں اس عہدے کی پیش کش ہوئی، تو انھیں خوشی ہوگی، مگر ہر بار شکست کے بعد تبدیلی کی بات کرنا مناسب نہیں. جب جب ٹیم ہارتی ہے، ایسی باتیں شروع ہوجاتی ہیں.
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔