اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے مالی معاملات کی نگراں لیگل فرم یوسف اسلام ایسوسی ایٹس نے تحریک انصاف کی قیادت کو خط لکھا ہے۔
خط میں حکمران جماعت نواز لیگ کی جانب سے عمران خان کی آف شور کمپنیوں کے الزامات کو مسترد کیا گیا ہے۔
لیگل فرم کے خط کے متن کے مطابق عمران خان کو آج تک ٹیکس بچانے یا اثاثے چھپانے کے حوالے سے کوئی نوٹس نہیں ملا۔
Yousuf Associates’ letter to PTI by arynews
لیگل فرم کے سربراہ کی جانب سے لکھے جانے والے خط میں بتایا گیا ہے کہ یوسف اسلام ایسوسی ایٹس گزشتہ تیس سال سے عمران خان کے مالی معاملات دیکھ رہی ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان مالی معاملات کے حوالے شفاف ریکارڈ کے حامل ہیں، عمران خان باقاعدگی سے انکم ٹیکس ، ویلتھ ٹیکس گوشوارے جمع کراتے آئے ہیں، کرکٹ اور اشتہارات سے حاصل ہونے والی ساری آمدنی باضابطہ طور پر گوشواروں میں ظاہر کی گئی ہے۔
خط کے متن کے مطابق لندن کا فلیٹ 2003 میں فروخت کیا گیا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم قانونی ذرائع سے پاکستان لائی گئی ،یوسف اسلام ایسوسی ایٹس نے کہا ہے کہ عمران خان کے مالی معاملات کے حوالے سے تمام سوالات کے جواب دینے کو تیارہیں۔