تازہ ترین

بطور اپوزیشن لیڈر سینیٹ اپنا استعفیٰ واپس نہیں لوں گا، یوسف رضا گیلانی نے واضح کردیا

اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما یوسف رضاگیلانی نے واضح کیا ہے کہ بطور اپوزیشن لیڈر سینیٹ اپنا استعفیٰ واپس نہیں لوں گا۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے یوسف رضا گیلانی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بطور اپوزیشن لیڈر سینیٹ اپنا استعفیٰ واپس نہیں لوں گا، بطور اپوزیشن لیڈرسینیٹ استعفیٰ پارٹی چیئرمین کو بھجوایا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے یوسف رضاگیلانی کااستعفیٰ مستردکردیا ہے اس کے باوجود یوسف گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ بطور اپوزیشن لیڈر سینیٹ مزید کام نہیں کریں گے۔

گذشتہ روز یوسف گیلانی نے سینیٹ اجلاس میں عدم موجودگی پراپنے اوپر ہونے والی تنقید کے بعد استعفیٰ دیاتھا، اس اجلاس میں اسٹیٹ بینک خودمختاری بل کوحکومت نے منظور کرالیاتھا۔

خیال رہے سینیٹ میں اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پر اپوزیشن کو ایک ووٹ سے شکست ہوئی تھی، ووٹنگ کے وقت یوسف رضا گیلانی ایوان میں موجود نہیں تھے، ان کی عدم حاضری پر اپوزیشن کی بعض جماعتوں نے انھیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب کہ حکومتی وزرا نے گیلانی کا شکریہ ادا کیا۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے یوسف گیلانی نے کہا کہ اتنے اہم ایجنڈے کے لیے موقع ملنا چاہیے تھا، بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا گیا، رات کے وقت بل کو ایجنڈے پر لانا مناسب نہیں تھا، ایجنڈا میرے گھر پر رات ایک بجے پہنچا تھا۔

Comments