کوٹ مٹھن : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جنوبی صوبہ بنانا چاہتی ہے تو ہم ان کے ساتھ ہیں، پیپلزپارٹی نے کسی کے خلاف انتقامی کارروائیاں نہیں کیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹ مٹھن میں حضرت با با فرید شکر گنجؒ کے مزار پر حاضری اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جنوبی صوبہ بنانا چاہتی ہے تو ہم ان کے ساتھ ہیں۔
صوفیائے کرام کے پیغام کو عام کریں گے تو دہشت گردی ختم ہوگی، پیپلز پارٹی کے دورہ اقتدار سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ہماری حکومت نے کوٹ مٹھن کو بینظیر برج کا تحفہ دیا، اس کے علاوہ جلال پور پیر والا میں بھی پل ہم نے بنوایا، ہم نےفاصلے کم کئے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے کسی کیخلاف انتقامی کارروائیاں نہیں کیں۔
مزید پڑھیں: ایگزیکٹو کونسل نے جنوبی پنجاب صوبے کا دار الحکومت بہاولپور کو بنانے کی سفارش کر دی
واضح رہے کہ وفاقی حکومت اپنے منشور میں جنوبی صوبے سے متعلق کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کرنے جا رہی ہے، اس سلسلے میں بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
جنوبی پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل نے وزیرِ اعظم سے اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی تھی، جس میں عارضی سیکریٹریٹ اور دارالحکومت کے لیے سفارشات دی جانی تھیں۔