کراچی : اینٹی کرپشن کی عدالت نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی کرپشن کے گیارہ مقدمات میں ضمانت منظورکرلی۔
تفصییلات کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی انسداد بدعنوانی کی عدالت (اے سی سی ) نے کرپشن کے گیارہ مقدمات میں ضمانت منظورکرلی۔
سابق وزیر اعظم عدالت میں اپنے وکلاء کے ہمراہ پیش ہوئے۔ یوسف رضا گیلانی جب اینٹی کرپشن کورٹ پہنچے تو کارکنوں کی بڑی تعداد نے کمرہ عدالت کے باہر ان کے حق میں نعرے بازی کی۔
انہوں نے اپنے خلاف قائم کرپشن کے گیارہ مقدمات میں ضمانت کے لئے درخواست کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے انہیں بارہ اکتوبر کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا۔
بعد ازاں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ماضی میں بھی انہیں عدالتوں کا سامناتھا اور اب بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ عدالت کے آج کے فیصلے سے اخلاقی فتح ہوئی ہے۔