ملتان:سابق وزیراعظم و پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ لاہور میں منعقد کروانے کے فیصلے کی حمایت کرتا ہوں، سیکیورٹی میں کوئی سقم نہ چھوڑا جائے، فائنل کو سیکیورٹی فراہم کرنا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سے ملک کے وقار میں اضافہ ہوگا، ملک کے امن کے لیے کسی بھی کوشش پر ساتھ ہیں تاہم فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،لاہور میں پی ایس ایل فائنل کی حمایت کرتا ہوں پی ایس ایل فائنل گراؤنڈ میں نہیں گھر میں دیکھوں گا۔
دریں اثنا پاناما لیکس کے مقدمے پر ان کا کہنا تھا کہ فیصلے کے بعد الیکشن کا صحیح لائحہ عمل سامنے آئے گا۔
پی ایس ایل فائنل کی سیاسی بنیادوں پر مخالفت ہوئی، احسن اقبال
اس ضمن میں مسلم لیگ ن کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا خوش آئند ہے،اس سے پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت پیغام جائے گا،پاکستان عالمی کرکٹ واپس لارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دکھ ہوا کہ چند لوگوں نے سیاسی بنیادوں پر اس کی مخالفت کی،پی ایس ایل قومی ایونٹ ہے، سب کو اسے کامیاب کرنا چاہیے،پاکستانی قوم دہشت گردوں کے آگے ہتھیار نہیں پھینکے گی۔