حیدرآباد دکن: بھارت میں ایک نوجوان اپنی محبوبہ کے لئے رات کے اوقات میں پیزا لے کر اس کے گھر پہنچا، مگر لڑکی کے والد کے خوف کے باعث چھت سے گر کر زندگی کی بازی ہار گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد دکن کے رہائشی 20 سالہ محمد شعیب کی کچھ عرصہ قبل ایک لڑکی سے دوستی ہوئی تھی۔
محمد شعیب آدھی رات کو پیزا لے کر اپنی دوست سے ملنے کی غرض سے اس کے گھر پہنچ گیا، اطلاعات کے مطابق محمد شعیب ایک بیکری میں ملازمت کرتا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق زینے پر قدموں کی آہٹ سے شعیب کو خوف محسوس ہوا، وہ یہ سمجھا کہ لڑکی کے والد اوپر آرہے ہیں، محمد شعیب نے گھبراہٹ میں چھت کے ایک کونے میں چھپنے کی کوشش کی لیکن بد قسمتی سے اس کا پیر پھسل گیا اور نوجوان چوتھی منزل سے نیچے گر گیا۔
چھت سے گرتے ہی موجود افراد نے محمد شعیب کو اسپتال پہنچایا تاہم جب تک بہت دیر ہوچکی تھی، نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ محمد شعیب کے والد کی جانب سے بیٹے کے قتل کا مقدمہ درج کرادیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔