انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میں شاندار سنچری بنانے والے بھارتی بیٹر ابھیشیک کی بیٹنگ کو نکھارنے میں یوراج سنگھ کا کردار سامنے آیا ہے۔
بھارت کے نوجوان جارح مزاج بیٹر ابھیشیک شرما کئی بار ذکر کرچکے ہیں کہ بھارت کے لیجنڈری آل راؤنڈر یوراج سنگھ ان کے سرپرست ہیں اور کس طرح دو بار ورلڈ کپ جیتنے والے پلیئر نے ان کی بیٹنگ صلاحیت کو نکھارنے میں میں مدد کی ہے۔
انگلینڈ کے خلاف ابھیشیک نے صرف 17 گیندوں پر 50 رنز بنائے اور یوراج کے ماضی میں لگائے گئے دلکش شارٹس کی یادیں تازہ کر دیں، 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران یوراج نے اسٹیورٹ براڈ کو چھ بالز پر 6 چھکے رسید کیے تھے۔
ابھیشیک کے والد اور بچپن کے کوچ، راج کمار شرما نے بھارتی ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات چیت میں اپنے بیٹے کے کیریئر میں یوراج کے بااثر کردار کا انکشاف کیا۔
راجکمار نے سابق بھارتی آل راؤنڈر کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے ابھیشیک کی مدد کرنے کے لیے وقت نکالا۔ یوراج نے بارہا سوشل میڈیا پر اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ ابھیشیک کو ایک بڑی اننگز کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ یوراج سنگھ ہمیشہ ابھیشیک کے لیے کھڑے رہے ہیں، انھوں نے اسکی کرکٹ میں بہت تعاون کیا ہے، ہمیشہ ابھیشیک کو وقت دیا ہے اور اس پر بہت کام کیا ہے۔
ابھیشیک کی یوراج سنگھ سے پہلی ملاقات رانجی ٹرافی کے دوران ہوئی تھی، بھارت کے سابق آل راؤنڈر ان کی صلاحیتوں سے فوری طور پر متاثر ہوگئے تھے۔
راجکمار نے بتایا کہ یوراج نے ابھیشیک سے پوچھا تھا کہ کیا وہ اس کے ساتھ ٹریننگ کرنا چاہتے ہیں اور اسے ایک بہتر کرکٹر بنانا چاہتے ہیں پھر ابھیشیک کو انھوں نے کافی گر سکھائے اور آج ابھیشیک سب کے سامنے ہے۔