لاڑکانہ : پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر گڑھی خدابخش میں رونقیں عروج پر پہنچ گئی اور مختلف شہروں سے قافلے لاڑکانہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، مزار اور جلسہ گاہ کے اطراف سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی، ملک بھر سے جیالوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، کراچی ٹھٹہ ، بدین، اور دیگر شہروں سے پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکن قافلوں کی صورت میں روانہ ہوئے ، حیدر آباد سے پہلا قافلہ ضلعی صدر صغیر راجپوت کی قیادت میں روانہ ہوا، حیدر آباد سے مجموعی طور پر ڈیڑھ سو گاڑیوں پر مشتمل قافلے گڑھی خدا بخش پہنچیں گے۔
لاڑکانہ پہنچنے والے کارکنوں میں جو ش و جذبہ پیدا کرنے کیلئے پیپلزیوتھ نے مشعل بردارریلی نکالی، جس میں ملیر سمیت مختلف اضلاع کے کارکنان نے شرکت کی، مشعل بردارریلی نے فدا حسین ڈھکن کی قیادت میں لاڑکانہ کے مختلف علاقوں کا گشت کیا۔
پی پی کلچرل ونگ نے بلاول بھٹو کی حمایت میں ریلی نکالی، جس میں نامور فنکاروں نےشرکت کی، ریلی میں اداکار ایوب کھوسہ یم پی اے خیرالنساء مغل ، گل رائینہ ، سعدیہ جاوید ، شازیہ اور رضیہ کامران سمیت دیگر شریک ہوئے ۔
مزید پڑھیں: ذوالفقاربھٹوکی برسی،سندھ حکومت کا عام تعطیل کا اعلان
ذوالفقار علی بھٹو کی اڑتیسویں برسی پر داخلی وخارجی راستوں سمیت مزار اور جلسہ گاہ کو بینرز اور پارٹی پرچموں سے سجا دیا گیا اور جیالوں نے ملک بھر سے آنے والے کارکنان کو خوش آمدید کہنے کیلئے جگہ جگہ کیمپس بھی لگادئیے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے جلسہ گاہ کے اطراف سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے ہیں، مزار میں داخلے کیلئے واک تھرو گیٹس بھی لگائے گئے ہیں، مرکزی تقریب سے بلاول بھٹو اور آصف زرداری خطاب کریں گے،جس کے بعد نوڈیرو ہاؤس میں پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس ہوگا۔