لاہور : مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما زعیم قادری کا کہنا ہے لاہور یا پنجاب کسی کی جاگیر نہیں ،25 جولائی کو ثابت ہو جائے گا کہ لاہور قبرستان نہیں ہے ،فیصلہ اٹل ہے، اپنی منزل کی طرف تنہا چلوں گا۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے منحرف رہنما زعیم قادری نے نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نوٹس آج ہی موصول ہوا تھا، صاف پانی کیس کے حوالے سے سوال جواب کئے گئے، میری بیگم ڈائریکٹر تھیں، جنہوں نے بعد میں استعفی دے دیا تھا جبکہ بھائی صاف پانی کمپنی میں بغیر کسی تنخواہ کے کام کر رہے تھے۔
زعیم قادری نے واضح کیا کہ وہ پنجاب اور لاہور کے زندہ ہونے کی جنگ لڑ رہے ہیں، پورا پاکستان اور دیگر ممالک کے لوگ انہیں سپورٹ کر رہے ہیں، 25 جولائی کو ثابت ہو جائے گا کہ لاہور قبرستان نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا، علیم خان کامشکورہوں مگرمیں منزل کی طرف تنہا چلوں گا، اگر الزام ثابت ہو جائے تو وہ سیاست چھوڑ دوں گا۔
ن لیگ کے منحرف رہنما نے کہا کہ لاہور یا پنجاب کسی کی جاگیر نہیں،لوگوں کیلئے لڑوں گا، کچھ لوگ ہیں جو کہتے ہیں پنجاب اور لاہور ان کی جاگیر ہے، بتاؤں گا لاہور اور پنجاب کسی کی جاگیر نہیں۔
زعیم قادری کا کہنا تھا کہ یہ لڑائی ہار گیا پھر بھی میری ہی جیت ہوگی، عوام کو سب پتہ ہے، میرا فیصلہ اٹل ہے،اپنی منزل کی طرف تنہا چلوں گا۔