لاہور : مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما زعیم حسین قادری نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت نام پاکستان مسلم لیگ نظریاتی رکھے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے منحرف رہنما زعیم قادری نے جماعت سے علیحدگی کے بعد اپنی نئی سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں انہوں نے جماعت کی تشکیل اور شمولیت کے حوالے سے مختلف علاقوں سے ہم خیال رہنماؤں سے رابطہ بھی کیا ہے، زعیم قادری ن لیگ کا ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
علاوہ ازیں اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے زعیم قادری نے کہا کہ ن لیگ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بن چکی ہے، کسے نہیں پتہ کہ ن لیگ میں کیا ہورہا ہے؟
ہمارے ساتھ قسمیں کھاتے تھے کہ ہم شریف لوگ ہیں، ہمیں کیا پتہ تھا کہ یہ لوگ کیا ہیں، انہوں نے کہا کہ چوہدری عبدالغفور اندر کے آدمی تھے انہیں زیادہ معلوم ہے، مجھے تو ن لیگ کے اندر اتنا جانے ہی نہیں دیا جاتا تھا،
زعیم قادری کا کہنا تھا کہ جب نواز شریف نے پانامہ کیس کے حوالے سے اسمبلی میں تقریر کی تو میں خوش تھا لیکن جب وہ ان ثبوتوں کو عدالت میں پیش نہیں کرپائے تو کیس نیب کورٹ میں چلا گیا میں آج بھی کہتا ہوں کہ پانامہ کیس کے بجائے اقامہ پر نااہلی کا فیصلہ نہیں آنا چاہیئے وہ کمزور فیصلہ تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی میں2007سے سوالات اٹھا رہا تھا جس پر مجھے پارٹی میں ناپسند کیا جانے لگا، پارٹی کے لوگ مجھے کہتے تھے کہ تم بولتے بہت ہو، مجھ پر کوئی الزام لگائے تو اس کے ثبوت بھی پیش کرنے چاہئیں، زعیم قادری نے بتایا کہ ن لیگ نےمجھے دو ٹکٹ دیئے جو میں نے واپس کردیئے۔
مزید پڑھیں: زعیم قادری کی ن لیگ سے بغاوت، آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان
ایک سوال کے جواب میں زعیم قادری نے بتایا کہ مجھے بتایا گیا تھا لندن کی پراپرٹی 1968میں خریدیں گئیں تھیں، جب میں نوازشریف کا ترجمان تھا تو مجھے دستاویزات دکھائی گئیں، جس نے مجھے کاٖغذات دیئے تھے اسی سے پوچھیں، مجھے نہیں پتہ تھا لندن میں جائیدادیں کس کی ہیں مجھے تو جو کہا جاتا تھا میں وہی میڈیا میں کہہ دیا کرتا تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔