اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ جن بارڈرز کو بند کیا انہیں کھولنے سے پہلے مضبوط حکمت عملی بنانی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعڈ ڈاکٹر مرزا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں کرونا وائرس کے سبب پیش آنے والی صورت حال پر تفصیلی غور ہوا۔
اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلوں پر فوری عملدرآمد ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی سرحدیں بند کر دیں، ایئرپورٹس پرخصوصی انتظامات کیےگئے ہیں، جن بارڈرز کو بند کیا انہیں کھولنے سے پہلے مضبوط حکمت عملی بنانی ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کروناوائرس سے متعلق عوامی آگاہی مہم کی تشہیر کا فیصلہ کیا، مہم سے متعلق وزارت اطلاعات ،آئی ایس پی آر حکمت عملی مرتب کرچکے ہیں۔
معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کروناوائرس کے 30 کیسز مشتبہ ہیں، مشتبہ کیسز کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 11 مارچ کو عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دیا تھا، یہ وائرس اب تک 114 ممالک میں پھیل چکا ہے اور اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر جبکہ 5 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں ۔