اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کرونا سے نمٹنے کا تجربہ پولیو کے خاتمے کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ظفر مرزا نے پولیوانڈیپنڈنٹ مانیٹر نگ بورڈ اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ کرونا کے اثرات کے باوجود انسداد پولیو مہمات کے لیے بالکل تیار ہیں، پولیو کو شکست دینے کے لیے مزید متحد ہو کر کام کریں گے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ مارچ 2020 میں کرونا کیسز کے بعد پولیو مہم روک دی گئی تھی، کرونا سے نمٹنے کا تجربہ پولیو کے خاتمے کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے پولیو ورکرز کا کردار قابل تحسین ہے،پولیو کے خاتمے کے لیے افغانستان سے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ دسمبر2019 اور فروری2020 میں کامیاب انسداد پولیو مہمات کی گئیں، آئی ایم بی کی رہنمائی سے پاکستان سمیت دنیا سے پولیو کا خاتمہ ممکن ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے سال 2020 کو پولیو کے خاتمے کے لیے اہم سال قرار دیا تھا۔