کراچی : پولیس نے ظافر قتل کیس میں ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا، عدالت سے ضمانت مسترد ہونے پر جنید شاہ نے فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے ظافر قتل کیس میں ایک اور ملزم کو حراست میں لے لیا، کراچی سٹی کورٹ کے قریب سے ملزم جنید شاہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
ضمانت مسترد ہونے پر ملزم نے وکلاء کی مدد سے بھاگنے کی کوشش کی لیکن پکڑا گیا، وکلا کی غنڈہ گردی کسی کام نہیں آئی۔
ظافر قتل کیس میں نامزد ملزم جنیدشاہ عبوری ضمانت کے لیے کراچی سٹی کورٹ آیا، عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد ہوتے ہی وکیل اپنے مؤکل کو بچانے کے لیے پولیس سے الجھ پڑے۔
احاطہ عدالت میں ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، اسی دوران وکلاء نے جنید شاہ کو فرار کرادیا لیکن وکلا کی غنڈہ گردی کسی کام نہ آسکی، پولیس نے بھاگنے والے ملزم جنید شاہ کو سٹی کورٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا۔
یاد رہے کہ سی ویو ریسنگ ٹیک پر خاوربرنی نے جس وقت ظافر پر گولیاں چلائیں تو جنید شاہ بھی خاور کے ساتھ موجود تھا۔