لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیرعباس کا کہنا ہے کہ عمران خان کا وزیراعظم بننا پاکستان کےلئے مثبت ثابت ہوگا، پرانا دوست ہے جانتا ہوں جو کہتا ہے وہ کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دینے کے لیے سابق و موجودہ کھلاڑیوں کی جانب سے بنی گالہ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس لاہور سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئے، جہاں وہ عمران خان سے ملاقات کریں گے۔
روانگی سے قبل ظہیر عباس نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے لیے نئی اننگز کھیلنے جا رہے ہیں، ان کو مبارکباد دیتا ہوں، کرکٹ اور کھیلوں کی بہتری کےلئے عمران خان کے ساتھ ہوں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا وزیراعظم بننا پاکستان کےلئے مثبت ثابت ہوگا، پرانا دوست ہےجانتا ہوں جو کہتا ہے وہ کرتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے وزیراعظم بننے سے پاکستان میں تبدیلی اور بہتری ہوگی۔
مزید پڑھیں : سرفراز کی قیادت میں کھلاڑیوں کی بنی گالہ آمد، مبارکباد
یاد رہے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، عمرگل، محمد حفیظ اور وقار یونس بنی گالا پہنچے تھے اور عمران خان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی تھی۔
سابق کپتان وقار یونس کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ بڑا پرانا تعلق اور پیار ہے، عمران خان کی کامیابی کا سن کر مبارکباد دینے آسٹریلیا سے آیا ہوں، عمران خان کے آنے سے کرکٹ نہیں تمام کھیلوں کے حالات بہتر ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چیف سلیکٹر انضمام الحق اور مشتاق احمد نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی اور الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی تھی۔