سابق فاسٹ بولر ظہیر خان نے بھارتی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کی خواہش کا اظہار کردیا، میزبان کو ساتھ ہی دلچسپ وجہ بھی بتادی۔
بھارت کے کامیاب ترین فاسٹ بولرز میں سے ایک ظہیر خان اس وقت لکھنؤ سپرجائنٹس میں مینٹور کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، آئی پی ایل فرنچائز ان کے وسیع تجربے سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو گروم کرنے کے لیے انھیں استعمال کررہی ہے۔
حال ہی میں ظہیر خان نے کولکتہ میں ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں گفتگو کے دوران ان سے مستقبل میں ٹیم انڈیا کی کوچنگ کے امکانات کے بارے میں پوچھا گیا۔
میزبان کو اس بات کا جواب دیتے ہوئے ظہیر نے کہا کہ اگر وہ بھارتی ہیڈ کوچ بننے کےلیے درخواست نہیں دیتے تو یہ کیسے ممکن ہوگا؟ سابق بولر ظہیر نے کہا کہ ٹیم انڈیا کی کوچنگ کرنا اعزاز کی بات ہوگی۔
مستقبل میں ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ کے طور پر ظہیر کا اضافہ فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے کیوں کہ وہ آئی پی ایل کا کافی تجربہ رکھتے ہیں جبکہ انھوں نے ماضی میں ممبئی انڈینز کے ساتھ کرکٹ کے ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کیا ہے اور وہ بولنگ کوچ بھی تھے۔
خیال رہے کہ ظہیر خان کو بھارتی فاسٹ بولنگ کی تاریخ میں چند بہترین بولرز میں شمار کیا جاتا ہے، وہ 2011 میں ون ڈے ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا اہم حصہ تھے، جہاں انھوں نے بہترین پرفارمنس دیتے ہوئے محض 9 میچز میں 21 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
2011 میں ہی ظہیر خان کو ہندوستانی صدر نے ارجن ایوارڈ سے بھی نوازا تھا جو کہ بھارت کا دوسرا سب سے بڑا کھیلوں کا اعزاز ہے۔