ڈربن: بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے پاکستان میں ایشیا کپ دیکھنے کی دعوت قبول کرلی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کی بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ سے ملاقات آئی سی سی بورڈ میٹنگ کی سائیڈ لائنز پر ہوئی ہے۔
ذکا اشرف اور جے شاہ کی ملاقات دوستانہ ماحول میں ہوئی ہے جس میں ایشیا کپ کے شیڈول سے متعلق گفتگو کی گئی ہے۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے جے شاہ کو ایشیا کپ میں پاکستان آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا، جے شاہ نے بھی ذکا اشرف کو بھارت میں ورلڈکپ دیکھنے کی دعوت دی انہوں نے بھی دورہ بھارت کی دعوت قبول کرلی۔
ذکا اشرف نے کہا کہ آپ ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے، پاکستانی عوام اپنے مہمانوں کی قدر کرنا جانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اچھی شروعات ہے مستقبل میں مزید ملاقاتیں ہوں گی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے میچز کے شیڈول کا تاحال اعلان نہیں کیا جا سکا ہے۔
ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے ابتدائی چار میچز لاہور میں شیڈول ہیں جبکہ باقی میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔