جمعرات, اکتوبر 10, 2024
اشتہار

ذاکر نائیک نے پی آئی اے اسٹیشن منیجر سے متعلق بیان پر وضاحت کر دی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: عالمی شہرت یافتہ اسلامک اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے اسٹیشن منیجر سے متعلق اپنے بیان پر وضاحت کر دی۔

ذاکر نائیک نے ایک تقریب میں کہا کہ مجھے گورنر صاحب (گورنر سندھ کامران ٹیسوری) نے کہا کہ پی آئی اے کا واقعہ بھول جائیں، میں نے سوچا کہ کیا میں نے اس بارے میں کہا تھا؟ گورنر صاحب نے مجھے پھر سے واقعہ یاد دلایا۔

اسلامک اسکالر نے کہا کہ مجھے علم تھا کہ سوشل میڈیا پر اس متعلق کافی تناؤ تھا، مجھے احساس ہوا کہ کیا میں نے جو کہا وہ درست تھا یا نہیں تھا؟ لیکن بات تو اپنی جگہ پر حق کی تھی، جس طرح انگریز نے نفرت پیدا کی ہندوستان اور پاکستانی بھائیوں میں تناؤ نہیں چاہتا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ میں امن پھیلاتا ہوں، میری بات سے پاکستانی بھائیوں کو تکلیف ہوئی ہے تو معذرت چاہتا ہوں، ایک داعی کا مشن یہی ہونا چاہیے کہ یکسانیت پر بات کرے لیکن اکثر لوگ اپنے فائدے کی بات نکال لیتے ہیں، میں چاہتا ہوں سب کو اللہ کی طرف لے کر آؤں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک دن بارڈر اور دراڑیں ختم ہوں گی کیونکہ اسلام میں کوئی ملوکیت نہیں، ہمارا اصل مقصد جنت کا پاسپورٹ کا حصول ہے دنیاوی پاسپورٹ نہیں۔

قبل ازیں، چانسلر جامعہ کراچی کامران ٹیسوری کی جانب سے ذاکر نائیک کو فلاسفی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری دی گئی۔

اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پتا چلا ذاکر نائیک نے پی آئی اے اسٹیشن منیجر سے متعلق کچھ کہا، میں ان سے کہوں گا کہ آپ کی شخصیت بڑی ہے درگزر کریں دل میں نہ رکھیں، وہ جس مقصد کیلیے نکلے ہیں وہ بڑا ہے اور اس کا اجر اللہ دے گا۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ میں پاکستانی ہونے کے ساتھ ساتھ مہاجر ہوں، میرے اجداد اسلام کے نام پر بنے پاکستان کی خاطر سب کچھ چھوڑ کر آئے، ذاکر نائیک نے کہا کہ نریندر مودی برا ہے لیکن بھارتی عوام اچھے اور پیار کرنے والے ہیں، لیکن جنہوں نے تیسری مرتبہ مودی کو وزیر اعظم بنوایا تو وہ کیسے اچھے ہو سکتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ مودی اور بھارت کے انتہا پسند ہندو ایک ہی ہیں، ہاں بھارت میں کچھ لوگ اچھے بھی ہیں وہاں رہنے والے مسلمان اچھے ہیں، پاکستانیوں کا دل دیکھیں جنھوں نے ذاکر نائیک کا دل کھول کر استقبال کیا اور عزت دی، سکیورٹی مسائل نہ ہوتے تو بھارت کے 10 لاکھ مجمع کے مقابلے میں 50 لاکھ کر کے دکھاتے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں