اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمےخلیل زاد نے ملاقات کی ہے، اس موقع پر افغان امن عمل میں پیشرفت اور دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمےخلیل زاد آج وزیر اعظم ہاؤس پہنچے ، جہاں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات میں افغان امن عمل میں پیشرفت اور دیگر اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل شروع کرنے پر بھی مشاورت کی گئی۔
اس سے قبل امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سے ملاقات کی، ملاقات میں امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ،دفاع اینڈنیشنل سیکیورٹی کونسل کےنمائندے شریک تھے۔
انہوں نے امریکا اور طالبان مذاکرات میں سہولت کاری پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لئے پاکستان اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمےخلیل زاد کی پاکستان آمد افغان امن عمل میں بڑی پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کا آئندہ دور اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے، پاکستان نے فیصلہ کیا ہے افغان طالبان کو اسلام آباد آنے کی دعوت دی جائے،۔
مزید پڑھیں : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی امریکی نمائندہ خصوصی زلمےخلیل زاد سے ملاقات
ایک درجن سے زائد طالبان رہنما اسلام آباد آئیں گے، ذرائع کے مطابق طالبان کے ساتھ مذاکرات میں قطر کو بھی شامل کیا جائے گا، سعودی عرب اور قطر کا ایک ساتھ مذاکرات میں شامل ہونا بڑی پیشرفت ہے، طالبان سے اسلام آباد میں مذاکرات کی خواہش زلمےخلیل زاد نےکی ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز امریکی نمائندہ خصوصی برائےافغانستان زلمےخلیل زادتین رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے تھے ، زلمے خلیل زاد نے دفتر خارجہ میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی تھی۔