اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد اور امریکی نائب وزیرِ خارجہ ایلس ویلز دورے پر آج پاکستان آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور امریکی نائب وزیرِ خارجہ ایلس ویلز آج پاکستان پہنچیں گے۔
ترجمان کے مطابق امریکی وفد دونوں ممالک کے درمیان جاری مشاوری عمل کے ضمن میں پاکستان پہنچ رہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان آج دفتر خارجہ میں دو طرفہ تعلقات اور افغان مفاہمتی عمل پر بات چیت ہوگی۔
زلمے خلیل زاد رواں ماہ کے آغاز میں بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں، جس کے دوران انہوں نے پاکستانی حکام کو افغان مفاہمتی عمل میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کو مذاکرات میں کردار ادا کرنے کی درخواست کے بعد افغانستان میں امن کے قیام کے لیے کوششیں ہو رہی ہیں، اسی سلسلے میں امریکی نمائندہ خصوصی افغانستان، پاکستان، یواے ای اور قطر سمیت دیگر ممالک کے کئی دورے کرچکے ہیں۔
افغان حکومت اورطالبان کےدرمیان مذاکرات آخری لمحات میں منسوخ
یاد رہے کہ رواں ماہ 19 اپریل کو افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان قطر میں ہونے والے مذاکرات آخری لمحات میں منسوخ کردیے گئے تھے۔
افغان حکومت کی مذاکرات کے لیے تیار کی گئی فہرست پرطالبان نے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ شادی یا کسی اور مناسب سے دعوت اور مہمان نوازی کی تقریب نہیں کہ کابل انتظامیہ نے کانفرنس میں شرکت کے لیے 250 افراد کی فہرست جاری کی۔