جمعہ, جنوری 24, 2025
اشتہار

زلمے خلیل زاد کی وزارتِ خارجہ آمد، شاہ محمود قریشی سے ملاقات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: امریکی نمایندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق افغان مفاہمتی عمل کے امریکی سفیر زلمے خلیل زاد نے آج وزارت خارجہ میں شاہ محمود سے خصوصی ملاقات کی، جس میں افغان امن عمل میں پیش رفت، خطے کی صورت حال اور باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

زلمے خلیل زاد نے دوحہ میں ہونے والے امریکا، طالبان مذاکرات کے 7 ویں دور میں پیش رفت سے آگاہ کیا، امریکی نمایندے نے اپنے حالیہ دورۂ کابل کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

- Advertisement -

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دوحہ میں انٹرا افغان امن مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت اور دوحہ مذاکرات کے بعد جاری ہونے والا مشترکہ اعلامیہ خوش آیند ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  طالبان افغان حکومت کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے لیے آمادہ

انھوں نے کہا کہ دوحہ مذاکرات میں افغان امن عمل کے سلسلے سے بنیادی روڈ میپ سے فریقین کا متفق ہونا نہایت مثبت پیش رفت ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و استحکام اور دیرپا تعمیر و ترقی کے لیے انٹرا افغان مذاکرات سنگِ میل ثابت ہوں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کے تحت اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

ذرایع کے مطابق امریکی عہدے دار کا دورۂ پاکستان انتہائی اہم نوعیت کا حامل ہے، زلمے خلیل زاد افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پر پاکستانی عہدے داران سے اہم مشاورت کرنے کے بعد دوحہ کے لیے روانہ ہوں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں

StatCounter - Free Web Tracker and Counter