پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اسماء عباس اور زارا نور عباس کی کلاسیکل ڈانس پرفارمنس کی ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔
اسماء عباس اور زارا نور عباس ایک مشہور شخصیت ہیں، زارا نور عباس کو عہد وفا اور خاموشی جیسے ہٹ ڈراموں کے لیے جانا جاتا ہے جبکہ اسماء عباس رانجھا رانجھا کردی اور ردّ جیسے مشہور ڈراموں کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔
گزشتہ روز زارا نور نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی والدہ اسماء عباس کے ہمراہ ایک خوبصورت کتھک ڈانس پرفارمنس کی ویڈیو شیئر کی ہے۔
View this post on Instagram
انہوں نے میڈم نور جہاں کے گائے ہوئے کلاسک گانے پر رقص کیا، ویڈیو میں زارا نور عباس نے زرد چنری ساڑھی جبکہ اسماء عباس نے گلابی رنگ کی خوبصورت چنری ساڑھی زیب تن کر رکھی ہے۔
زارا نور عباس نے اپنی پرفارمنس اپنی والدہ کے نام کرتے ہوئے ایک جذباتی نوٹ بھی شیئر کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ ‘ اماں، آپ سب سے مضبوط عورت ہیں جو میں نے زندگی میں دیکھی، آپ سے میں نے یہ سیکھا کہ دکھ کو خاموشی سے کیسے سہنا ہے، بغیر داد کے قربانی کیسے دینی ہے اور دنیا چاہے سراہائے یا نہ سراہائے، وقار کے ساتھ کیسے جینا ہے’۔
اداکارہ نے کیپشن میں مزید لکھا کہ آج میں یہ بھی سمجھتی ہوں کہ شاید اماں، آپ کو اتنی قربانیاں نہیں دینی چاہییں تھیں، شاید آپ کے خواب بھی اہم تھے اور شاید مجھے بھی اپنی ماں کی طرح بے حد بے لوث بننے کی ضرورت نہیں، تاکہ میں ان کے خواب ان کے ساتھ جینے کی کوشش کر سکوں۔
اس پرفارمنس کو سوشل میڈیا پر مداحوں اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، زویا ناصر، حرا مانی، حبا عزیز نے بھی اس پرفارمنس کو خوب پسند کیا ہے۔