اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس کے الزام میں نیب کے زیر حراست سابق صدر آصف علی زرداری کی آنکھ میں تکلیف ہوئی جس کے بعد ان کا معائنہ پولی کلینک کے ماہر امراض چشم سے کراوادیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے نیب کی تفتیشی ٹیم سے آنکھ میں تکلیف کی شکایت کی جس کے بعد ان کا ماہر ڈاکٹر سے معائنہ کرایا گیا، سابق صدر نے بائیں آنکھ سے پانی بہنے اور درد کی شکایت بھی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہرامراض چشم نےآصف زرداری کوتکلیف کیلئےدوا تجویزکردی جبکہ اُن کے خون کے نمونے دیگر ٹیسٹوں کیلئےحاصل کر لیے گئے جن کی رپورٹ ایک دو روز میں آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین نیب کی آصف زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس دائر کرنے کی منظوری
یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے سابق صدر آصف زرداری اور اُن کی اہلیہ سمیت دیگر ملزمان کو حراست میں لیا جبکہ احتساب عدالت نے سابق صدر کو 15 جولائی جبکہ فریال تالپور کو 22 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ہونے والے تین ملزمان رقم واپس دینے پر راضی ہوگئے ہیں، اس ضمن میں خورشید جمالی، عارف اور آصف نامی ملزمان نے پلی بارگین کے لیے نیب کو درخواست جمع کرائی تھی۔