سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ملاقات طے ہوگئی ہے وہ آج دبئی میں ملاقات کریں گے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صدر و پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ن لیگ کے تاحیات قائد وسابق وزیراعظم نواز شریف کی آج دبئی میں ملاقات طے ہوگئی ہے یہ ملاقات نجی ہوٹل میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ سے سات بجے کے درمیان ہوگی۔
اس ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا اور ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں آصف زرداری میثاق معیشت معاہدہ کرنے پر بات کریں گے اور اپنا پرپوزل دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر زرداری کا موقف ہے کہ سیاست ہوتی رہے گی لیکن معیشت کے ایک نکاتی ایجنڈے پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں متفق ہوں تاکہ ملکی معیشت کو استحکام دیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وزیر خارجہ و پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی شریک ہوں گی۔ ملاقات میں آئندہ الیکشن اور دونوں جماعتوں کی مستقبل کی پالیسی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نواز شریف لندن سے دبئی پہنچے ہیں اور شاہی رہائش گاہ ایمریٹس ہلز میں قیام پذیر ہیں۔ دبئی حکومت کی جانب سے انہیں اور ان کی فیملی کو خصوصی پروٹوکول دیا جا رہا ہے، نواز شریف اور مریم نواز دبئی کی اہم شخصیات سے بھی ملیں گے۔ دوسری جانب آصف علی زرداری بھی دبئی میں اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف دبئی میں قیام کے بعد ابوظبی اور سعودی عرب بھی جائیں گے۔