کراچی: سابق صدرآصف علی زرداری نے پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر)پرویزمشرف کے کشمیر سے متعلق اٹھائے اقدامات پرتحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے جمعے کے روز ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں جنرل (ر) پرویز مشرف کی کشمیر پالیسی پر انتہائی سخت تنقید کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے اپنے دور مین کشمیر پالیسی پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پسِ پشت ڈال دیا جس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا۔
آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ 15 سال پہلے ہی پرویز مشرف کو بے نقاب کرچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) مشرف نے کشمیریوں کی مرضی کے خلاف بھارت سے ان کا سودا کرنے کی کوشش کی جس کی تحقیقات ہونی چاہیں۔
پیپلز پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی حکومت نے کشمیرکے معاملے پرسودے بازی نہیں کی۔
سابق صدرکا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے پرمشرف کے اقدامات کی تحقیقات ہونی چاہئے۔
واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی ان دنوں خود ساختہ جلا وطنی اختیار کرکے بیرونِ ملک میں مقیم ہیں۔