اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کوئی ڈر خوف نہیں ہے آصف زرداری نے خود گرفتاری دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے آصف زرداری کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست دے دی ہے، ہمیشہ ہمارے کیسز سندھ سے پنجاب میں لائے جاتے ہیں۔
پی پی رہنما نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ جمہوریت کے لیے کوشش کی ہے، ہمیشہ کوشش کی پاکستان باوقار طریقے سے آگے بڑھے، ہمیں اعتماد ہے ہمارے کارکنان پہلے سے زیادہ طاقتور ہیں۔
بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ کل عوام دشمن بجٹ آرہا ہے، یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے۔
آصف زرداری مرد بحران ہیں، مرتضیٰ وہاب
دوسری جانب مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر مقدمات کی حیثیت نہیں ہے، آصف زرداری مرد بحران ہیں، وہ گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جرم ثابت ہونے سے پہلے گرفتاری سمجھ سے بالاتر ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے۔
مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس ، نیب نے سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کرلیا
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل نیب ٹیم نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو گرفتار کرلیا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔
سابق صدر آصف علی زرداری کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا اور ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔