بالی ووڈ کی معروف اداکارہ زرین خان نے پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے مداحوں کو پشتو میں پیغام دے دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ زرین خان نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میری بہت خواہش ہے پاکستان کے شمالی علاقے وادی سوات میں جائیں جہاں سے ان کے نانا کا تعلق ہے۔
زرین خان نے بتایا کہ ان کے نانا سوات سے ہیں اور وہ 15 اگست 1947 کو آزادی سے پہلے ہی بھارت آگئے تھے وہ اکثر سوات کے بارے میں گفتگو کرتے ہیں جب ان کی پرانی تصاویر دیکھیں تو اندازہ ہوا کہ سوات بہت خوبصورت جگہ ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ دعا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے تعلقات ٹھیک ہوجائیں تو وہ اپنے نانا کے علاقے سوات کا دورہ کرسکیں۔
انہوں نے بتایا کہ اپنی مادری زبان کو زندہ رکھنا اگرچہ ضروری ہے، لیکن وہ پشتو کے چند الفاظ ہی بول پاتی ہیں۔
انہوں نے اپنی نانی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب انکی نانی زندہ تھیں تو گھر میں کافی پشتو بولی جاتی تھی، انکی امی، خالائیں اور نانا نانی آپس میں پشتو میں ہی بات کرتے تھے، لیکن انہوں نے پشتو نہیں سیکھی۔
زرین خان نے انٹرویو کے دوران پشتو کا ایک مشہور جملہ بولتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنے پشتون مداحوں سے کہیں گی ”پخیر راغلے“۔
زرین خان نے بتایا کہ انہیں فلموں میں کام کرنے کا شوق بالکل نہیں تھا اور انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ فلم انڈسٹری کا حصہ بنیں گی لیکن شاید قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔
واضح رہے کہ زرین خان نے فلم ویر سے بالی ووڈ میں قدم رکھا اس کے بعد انہوں نے متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں ریڈی، ہاؤس فل ٹو، وجہ تم ہو، اکثر، ہیٹ اسٹوری تھری ودیگر شامل ہیں۔