اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) زرتاج گل کا کہنا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کا ورد جلد مسلم لیگ (ن) کے گلے پڑنے والا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ پہلے مسلم لیگ (ن) نے 9 مئی کی تسبیح پڑھی لیکن ہمیں کوئی فرق نہیں پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: اب آپ کے فیض یاب ہونے کا وقت گزر چکا ہے، شیری رحمان
زرتاج گل نے کہا کہ 8 فروری کا الیکشن جیت گئے اب انہیں نیا ورد ملا ہے، ایک اور کوشش کر لیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) نے جو کچھ کیا اس کی بھی یہ تردید کرتے رہے، واقعے کی انکوائری رپورٹ میں تھا کہ حاملہ خواتین تک گولیاں ماری گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کی حکومت میں واٹر کینن اور آنسو گیس کی شیلنگ کا بطور خاتون سامنا کیا، ہم خواتین کو کبھی تھری ایم پی او تو کبھی 16 ایم پی او کے تحت نظر بند کر دیا جاتا ہے، ہم خواتین کو جیلوں میں ڈالا گیا اب بھی کئی خواتین جیلوں میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیض حمید کو چارج شیٹ کیے جانے پر پی ٹی آئی کا ردعمل
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ سول نافرمانی کا آپشن موجود ہے لائحہ عمل کا اعلان 15 دسمبر کے بعد ہوگا، پی ٹی آئی کی 27 سالہ جدوجہد ہے کسی بیساکھی سے نہیں آئی۔