اسلام آباد : وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ ن لیگ کے کئی لوگوں کی نوکری عمران خان پر جملے کسنے اور تنقید کرنے سے ہی پکی ہوئی ہے، قوم اپنی لوٹی ہوئی دولت کاحساب چاہتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب کے حالیہ بیان کے ردعمل میں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، زرتاج گل نے کہا کہ جو لوگ کونسلر کا الیکشن تک نہیں جیت سکتے وہ عوامی لیڈر عمران خان پر تنقید کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ عوام کے مقبول ترین لیڈر پر تنقید کرکے اپنا سیاسی قد بڑھانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، ن لیگ کےکئی لوگوں کی نوکریاں عمران خان پر جملے کسنے اور تنقید کرنے سے ہی پکی ہوتی ہیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے ترجمان اپنی صلاحیتیں بدعنوان رہنماؤں کی ترجمانی میں ضائع نہ کریں، قوم اپنی لوٹی ہوئی دولت کاحساب چاہتی ہے، قوم اچھی طرح جانتی ہے کہ آپ کے قائدین کرپٹ ہیں، چاہے ۔
جتنا مرضی ان کا دفاع کرلیں لیکن کرپشن کا کبھی دفاع نہیں ہوتا، اس کا صرف اعتراف کیا جاتا ہے، ابھی بھی وقت ہے کہ ملکی خزانے کو لوٹنے والے قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کردیں۔
واضح رہے کہ آج اسلام آباد میں ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم کے این آر او دینے سے متعلق بیان پر کہا تھا کہ اپوزیشن کسی قسم کی ڈکٹیشن نہیں لے گی اور نہ ہی آپ کی دھمکیوں سے ڈرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومتی رویے کے خلاف حکمت عملی طے کرنے کیلئے سربراہی اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔