اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزی سے متعلق زیرو ٹالرنس پالیسی کو یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ک زیرصدارت گندم آٹے کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مشیرخزانہ نے آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے سے متعلق فیصلوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح گندم کی وافر دستیابی کو یقینی بنانا ہے،حکومت کی ترجیح گندم اور آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اولین ترجیح غریب طبقے کا تحفظ ہے تاکہ ان پر اضافی بوجھ نہ پڑے،قیمتوں میں کمی سے متعلق فیصلوں پر جلد عملدرآمد کیا جائے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ضروریات کے مدنظر طویل المدتی حکمت عملی تشکیل دیں،ایسی حکمت عملی بنائیں کہ مستقبل میں کسی دقت کا سامنا نہ ہو۔
وزیراعظم نے چیف سیکرٹریز کو گندم کی اسمگلنگ روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزی سے متعلق زیرو ٹالرنس پالیسی کو یقینی بنایا جائے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ 7 جون کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں گندم کی ضروریات پورا کرنے اور آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کو یقینی بنانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس میں گندم کی درآمد پر سے پابندی اور اس پر عائد ڈیوٹی ختم کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔