کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے ایس ایچ او گلشن معمار کو فوری معطل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
کراچی کے علاقے گلشن معمار میں آج پیر کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک کار سوار شہری کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا، جس پر وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے نوٹس لیتے ہوئے علاقے کے ایس ایچ او کی معطلی کا حکم دیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی ویسٹ سے واقعے پر فوری رپورٹ بھی طلب کر لی ہے، اور معطل ایس ایچ او کا جرائم کے خلاف کارروائیوں کا گزشتہ اور حالیہ ریکارڈ بھی طلب کیا۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلشن معمار میں ایک قتل کی واردات ہوئی، جس کے بارے میں بعد میں معلوم ہوا کہ وہ اسٹریٹ کرائم کی واردات تھی، دو موٹرسائیکل سوار افراد نے کار سوار کو روکنے کے لیے کہا لیکن گاڑی کے اندر سے ڈرائیور نے پستول دکھایا تو ڈاکوؤں نے اس پر فائرنگ کر دی۔
اس واقعے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ دوسرا زخمی ہو گیا ہے، یہ پچھلے تین ماہ میں اسٹریٹ کرائم کے دوران پچاسواں قتل ہے، جب کہ چند دن قبل پیپلز پارٹی کے وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے عجیب منطق بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا جاتا ہے۔