جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

کمزور زمبابوین ٹیم پر ایرون فنچ کا لاٹھی چارج، زمبابوے کو 100 رنز سے شکست

اشتہار

حیرت انگیز

ہرارے: کمزور زمبابوین ٹیم کے خلاف آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے شاندار سنچری جڑ دی، آسٹریلیا نے زمبابوے کو 100 رنز سے شکست دے دی، ایرون فنچ کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں میزبان زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلوی کپتان نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور مخالف بولرز کی جم کر پٹائی کی، کینگروز نے ایرون فنچ کے سنچری کی بدولت زمبابوے کو جیت کے لیے 230 رنز کا ہدف دیا۔

کینگروز کے کپتان ایرون فنچ شاندار 172 رنز کی اننگز کھیلی انہوں نے 16 چوکے اور 14 بلند و بالا چھکے لگائے، فنچ ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے، شارٹ نے 46 رنز بنائے اور وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

- Advertisement -

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کے اوپنرز نے 42 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم اوپنرز چامو چبھابا 18 اور سولومن مائلز 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

زمبابوین ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 129 رنز بناسکی، پیٹر مور 19، کپتان مساکاذا 12 جبکہ تریسائی موساکاندا اور ریال برل 10، 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اینڈریو ٹائی نے تین، ایششن اگار نے دو جبکہ بلی اسٹین لیک، جائے رچرڈسن، گلین میکسویل اور مارکوس اسٹونس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں زمبابوے اب تک کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کو پاکستان نے شکست دی تھی جبکہ زمبابوے اپنا تیسرا میچ کل پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں