اشتہار

ٹی 20 ورلڈ کپ، زمبابوے کوچ نے امپائروں پر ناراض ہونے کی وجہ بتا دی

اشتہار

حیرت انگیز

ٹی 20 ورلڈ کپ میں زمبابوے اور جنوبی افریقہ کا میچ بارش کی نظر ہوگیا، اس موقع پر زمبابوے کے کوچ فیلڈ امپائرز پر برہم بھی ہوئے تھے جس کی وجہ انہوں نے بتا دی۔

زمبابوے کے چیف کوچ ڈیو ہاتن نے کہا کہ دو روز قبل جنوبی افریقہ سے مقابلے کے دن میچ سے قبل ہی موسم خراب تھا اور اس میں میچ ہونا ایک مضحکہ خیز بات تھی، ان حالات میں ایک بھی گیند نہیں پھینکی جانی چاہیے تھی۔

ڈیو ہاتن نے مزید بتایا کہ ان کے کھلاڑی پیر کے روز فیلڈ امپائروں سے خراب موسم کے باعث میچ منسوخ کرنے کی گزارش کرتے رہے جو امپائرز نے اس وقت تو مسترد کردی لیکن بالآخر انہیں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے گراؤنڈ کی خراب حالت کے پیش نظر میچ منسوخ کرکے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دینا ہی پڑا۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ بار بار میچ منسوخ کرنے کی درخواست کے باوجود جب امپائر میچ جاری رکھنے پر مصر رہے تو ہدف کا دفاع کرنے کے دوران زمبابوے کے تیز گیند باز رچرڈ نگاروا پھسل گئے تھے اور انھیں چوٹ بھی آئی تھی۔

اس دوران اسٹریٹجی میکرس نے یہ انکشاف کیا ہے کہ زمبابوے کے کپتان کریگ اِرون اور سکندر رضا نے امپائروں سے میچ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن امپائروں نے میچ کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا، بعد ازاں جب وقفے وقفے سے تیز بارش ہونے لگی تو مجبوراً کھیل کو بغیر کسی نتیجے کے ختم کرنے کا اعلان کرنا پڑا تھا۔

واضح رہے کہ پیر کے روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے مابین میچ کھیلا گیا تھا۔ بارش کے باعث ایک اننگ بھی مکمل نہ کھیلی جاسکی تھی اور بارش کے بار بار مداخلت کے بعد امپائروں نے میچ کو 9 اوورز تک محدود کردیا تھا۔

زمبابوے نے 9 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 79 رنز بنائے تھے، جنوبی افریقہ کی اننگ شروع ہونے پر بارش ایک بار پھر شروع ہوگئی تھی جس پر امپائرز نے جنوبی افریقی اننگ کو 7 اوورز تک محدود کرکے ٹارگٹ 64 رنز دیا تھا اور جنوبی افریقی ٹیم نے تین اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 51 رنز بنا لیے تھے کہ بارش ایک بار پھر نہ ختم ہونے کا عزم لیے برس پڑی جس کے بعد امپائرز کو مجبوراً بغیر نتیجہ میچ ختم کرنے کا اعلان کرنا پڑا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں