بلاوایو: فخر زمان کی ڈبل سنچری اور امام الحق کی سنچری کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو چوتھے ون ڈے میچ میں 244 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی، فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان اور امام الحق نے 304 رنز کی ریکارڈ پارٹنر شپ قائم کی اور زمبابوے کو جیت کے لیے 400 رنز کا ہدف دیا، ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی، گرین شرٹس کو پانچ میچوں کی سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل ہے۔
زمبابوے نے بیٹنگ کا آغاز کیا ان کی پہلی وکٹ 18 رنز پر گر گئی، عثمان شنواری نے کمونوکانوے کو 3 رنز پر پویلین روانہ کردیا، کپتان مساکڈزا 22 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ٹریپانو نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے انہیں شاداب خان نے بولڈ کیا۔
Pakistan win the fourth #ZIMvPAK ODI by 244 runs and up in the series by 4-0.
More ▶️ https://t.co/gUMQPj0aR3 pic.twitter.com/VhQOy3F14r— PCB Official (@TheRealPCB) July 20, 2018
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عثمان شنواری اور فہیم اشرف نے ، دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 399 رنز بنائے، فخر زمان نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے 210 رنز بنائے ان کی اننگز میں 5 بلند و بالا چھکے اور 24 چوکے شامل تھے، فخر زمان نے سعید انور کے 194 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، امام الحق نے 113 رنز کی اننگز کھیلی، آصف علی نے تیز ترین نصف سنچری اسکور کی۔
For his historic inning (210 off 156), @FakharZamanLive is the Man of the Match .#ZIMvPAK pic.twitter.com/4VGPmwd9XN
— PCB Official (@TheRealPCB) July 20, 2018
زمبابوے کی جانب سے پاکستان کی واحد وکٹ مساکڈزا نے حاصل کی، زمبابوے کے دوسرے تمام بولر پاکستانی بلے بازوں کے سامنے بے بس نظر آئے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں 4-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے میچ 22 جولائی کو کھیلا جائے گا۔