منگل, اپریل 29, 2025
اشتہار

معروف گلوکارہ نازیہ حسن کی موت پُراسرار بن گئی، اشتیاق بیگ پر قتل کا الزام

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: برصغیر میں پاپ میوزک انڈسٹری کی بانی اور پاکستان کی مایہ ناز گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی بہن کو  اشتیاق بیگ نے قتل کیا ہے۔

 کروڑوں دلوں کی دھڑکن اور طلسماتی آواز کی مالک نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن نے بہن کے قتل کا الزام اُن کے شوہر پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ نازیہ حسن کو چائے یا کھانے میں مبینہ طور پر زہر ملا کر دیا گیا۔ زوہیب حسن نے مرزا اشتیاق بیگ کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان بھی کیا۔

دوسری جانب مرزا اشتیاق بیگ نے اپنے اوپر عائد ہونے والے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے نازیہ حسن کے بھائی پر ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان بھی کیا۔

اشتیاق بیگ نے کہا کہ ’نازیہ سےبہت محبت تھی، اس کے بعد میں نے دوسری شادی نہیں کی،نازیہ کا انتقال کینسر کی وجہ سے ہوا تھا‘۔

مزید پڑھیں: پاپ کوئن نازیہ حسن کا انور مقصود کو دیا گیا یادگار انٹرویو، ویڈیو وائرل

یاد رہے کہ نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے امریکن کالج آف لندن سے گریجویشن کیا اور پی ٹی وی کے مشہور پروگرام ’’سنگ سنگ چلے‘‘ سے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا۔

نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب کے ساتھ مشرقی اورمغربی موسیقی کے ملاپ سے ایسے گیت پیش کیے جو آج بھی شائقین موسیقی میں مقبول ہیں۔

بھارتی فلم قربانی میں شامل نازیہ کے گانے ’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے‘ نے گلوکارہ کو عالمگیر شہرت دی جبکہ نازیہ اور زوہیب کے البم ’ڈسکو دیوانے‘ نے فروخت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

نازیہ کا پہلا البم ’ڈسکو دیوانے‘ 1982 میں ریلیز ہوا۔ جس نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے، اس البم میں ان کے بھائی زوہیب حسن نے بھی اپنی آواز کا بھی جادو جگایا تھا، نازیہ حسن کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

وہ صرف گلوکارہ ہی نہیں تھیں بلکہ سیاسی تجزیہ نگار کے طور پر اقوام متحدہ سے وابستہ رہیں،1991 میں انہیں پاکستان کا ثقافتی سفیر مقرر کیا گیا۔ نازیہ حسن پہلی پاکستانی تھیں، جنہوں نے فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا، اس کے علاوہ وہ بیسٹ فی میل پلے بیک سنگر کی کیٹیگری میں ایوارڈ جیتنے والی سب سے کم عمر گلوکارہ قرار پائیں تھیں۔

سرطان کے موذی مرض میں مبتلا نازیہ حسن 13 اگست 2000 کو لندن کے اسپتال میں انتقال کر گئیں تھیں، اُن کی وفات کے بعد حکومتِ پاکستان نے 2002 میں انہیں ملک کا سب سے بڑا اعزاز پرائڈ آف پرفارمنس دیا جبکہ 2003 میں ان کی یاد میں نازیہ حسن فاوٴنڈیشن کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں