اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی مقرر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : زلفی بخاری کو وزیراعظم عمران خان کا معاون خصوصی مقرر کردیا گیا، زلفی بخاری اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق وزیراعظم کی معاونت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے زلفی بخاری کو معاون خصوصی بنانے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد زلفی بخاری کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق وزیراعظم کی معاونت کریں گے جبکہ وزارت اوورسیز پاکستان کے معاملات بھی دیکھیں گے۔

خیال رہے زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی ہے اور ان کی این اے 53انتخابی مہم کے انچارج بھی رہ چکے ہیں، زلفی بخاری دوہری شہریت رکھتے ہیں اور ان کے پاس پاکستان کے علاوہ برطانوی شہریت ہے۔

یاد رہے اگست میں زلفی بخاری کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈال گیا تھا۔

نیب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کی آف شور کمپنیوں کی تحقیقات کررہا ہے، اس کے لیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈال کر بیرون ملک جانے سے روکنے کی سفارش کی گئی تھی۔

اس سے قبل برطانیہ میں مقیم عمران خان کے قریبی دوست ان کے ہمراہ عمرہ ادائیگی کے لیے جارہے تھے کہ ائیرپورٹ پر انہیں روک دیا گیا تھا اور کچھ دیر بعد زلفی بخاری کو وزارتِ داخلہ نے مراسلہ جاری کر کے بیرونِ ملک سفر کی مشروط اجازت دی تھی، جس کے تحت وہ چار روز کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے۔

عمران خان کے قریبی دوست کا نام بلیک لسٹ تھا، جس کی بنیاد پر انہیں سول ایوی ایشن کے حکام نے ائیرپورٹ پر روک لیا تھا مگر وزارتِ داخلے کا حکم نامہ سامنے آتے ہی قانون کے تحت انہیں اجازت دے دی گئی تھی۔

یہ قیاس کیا جارہا تھا کہ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں شامل تھا جسے نکلوانے میں عمران خان نے کردار ادا کیا مگر وزارتِ داخلہ کے حکام نے سینیٹ کمیٹی کے سامنے وضاحت کی کہ اُن کا نام بلیک لسٹ میں شامل تھا اور نہ ہی تحریک انصاف کے چیئرمین نے اس ضمن میں کوئی کردار ادا کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں