آزاد کشمیر : آزاد کشمیر کے سابق صدر، وزیرِاعظم اور مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، اُنہیں بھارتی فوج کے خلاف پہلی گولی چلانے کا اعزاز حاصل تھا۔
سردار عبدالقیوم آل جموں و کشمیر کانفرنس کے سپریم لیڈر اور کشمیر کی تحریک آزادی کے بانیوں میں سے تھے، 22سال کی عمر میں مقبوضہ وادی میں ڈوگراہ راج کے خلاف عَلمِ بغاوت بلند کیا۔
تحریکِ آزادی میں پہلی گولی چلانے کا اعزاز بھی سردار صاحب کے حصے میں آیا، جس کی وجہ سے انھیں مجاہد اول کا خطاب دیا گیا۔
سردار عبدالقیوم خان ایک زیرک سیاستدان اور محب وطن شخصیت تھے، چار مرتبہ آزاد کشمیر کے صدر بھی منتخب ہوئے اور دنیا بھر میں کشمیر کی آزادی کا مقدمہ لڑتے رہے۔ سردار عبدالقیوم کی نمازجنازہ سہہ پہر تین بجے ادا کی جائے گی جبکہ تدفین کل ضلع باغ میں اُن کے آبائی علاقے غازی آباد میں کی جائے گی۔