کراچی : یوم آزادی کے موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پیغام میں کہا کہ آزادی کسی بھی قوم کے لئے ایک نعمت سے کم نہیں، برصغیر کے مسلمانوں نے بھی ایک آزاد اسلامی ریاست کا خواب دیکھا اوراسے شرمندہ تعمیر کرنے کے لئےعظیم جدوجہد اور لازوال قربانیاں دیں اور اپنی قوم کو غلامی کے طوق سے چھٹکارا دلایا ۔
ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ آزادی کے لئے ہمارے آباؤ اجداد نے انتھک محنت اور بے مثال قربانیوں کے نذرانے پیش کئے ،یہ غلامی سے آزادی تک کی ایک لا زوال جد وجہد کے انمٹ نقوش پر مشتمل طویل داستان ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کے ثمر میں ملنے والی آزادی کی قدر و منزلت اور احترام کی ذمہ داریوں کواحسن طریقے سے پورا کرنا ہوگا، زندہ قومیں اپنی آزادی کا دن جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ شایانِ شان منایا کرتی ہیں۔ آزادی کا دن باہمی ربط ، اخوت ، بھائی چارے ، برداشت، اتحا د و اتفاق اور رواداری کا درس دیتا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ وطن عزیز کے لئے ہمیں اپنے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک سوچ اپنانا ہوگی ایک ملک، ایک قوم، ایک نظریہ اور ایک سوچ کے ساتھ ہی ہم دنیا میں اپنا منفرد مقام حاصل کرسکتے ہیں ۔
ہر پاکستانی کی طرح میری بھی یہی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، یہ دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے، تعمیری کاموں کا زیادہ سے زیادہ فروغ اور تخریب کاری کا خاتمہ ہو ۔ پاکستان محبت اور امن کا گہوارہ بن جائے۔