اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے شمالی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
رات گئے اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے شمالی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر پانچ اعشاریہ آٹھ ریکار ڈ کی گئی جبکہ اس کا دورانیہ تین سے پانچ سیکنڈ تھا۔
زلزلے کی گہرائی بتیس کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز اسلام آباد سے شمال میں بانوے کلومیٹر دور تھا۔
سوات، مالاکنڈ ، شانگلہ ، بٹگرام اور خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلے کے خوف سے شہری خوفزدہ ہوکرکلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئےگھروں سےباہر نکل آئے تاہم زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
اس سے قبل دوہزار پانچ میں کشمیر اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں آنے والے زلزلے نے شدید تباہی مچائی تھی، جس کے نتیجے میں ستر ہزار سے زائد لوگ لقمہ اجل بن گئے تھے۔