اسلام آباد: اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور ملتان ائیرپورٹ کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے، ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملتان ائیرپورٹ کی تعمیر میں شجاعت عظیم نے مداخلت کی تھی۔
کرپشن پر نگاہ رکھنے والے عالمی ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملتان ائیرپورٹ کی تعمیر کے دوران وسیع پیمانے پر گھپلے کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق سول ایوی ایشن حکام نے اعتراف کیا ہے کہ ملتان ائیرپورٹ کی تعمیر میں تاخیرکی وجہ ڈیزائن کی تبدیلی بنی، جس کے لیے وزیرِاعظم کے مشیر برائے ہوا بازی شجاعت عظیم نے غیر قانونی طور پر دباؤ ڈالا تھا۔
ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ میں بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد پر کی گئی مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہیں، رپورٹ میں مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن نے تمام قوانین کو پس پُشت ڈال کرائیرپورٹ کے وی آئی پی لاؤنج پر سو ارب روپے خرچ کرنے کے بعد مزید بیس کروڑ روپے لگائے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن حکام کو اضافی رقم خرچ کرنے کا اختیار نہیں تھا، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن حکام نے تصدیق کی ہے کہ پی آئی اے نے ایک عشاریہ پانچ ارب ڈالر سے بوئنگ ٹرپل سیون طیارے غیر قانونی طور پر خریدے گئے۔