اسلام آباد: سپریم کورٹ نےانتخابی اصلاحات سے متعلق درخواست سماعت کے لئے منظورکرتے ہوئےالیکشن کمیشن اورحکومت کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔
انتخابی اصلاحات سےمتعلق پٹیشن عابد حسن منٹو ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی۔ دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ابھی تک لازمی ووٹ ڈالنے کا قانون نہیں بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن اصلاحات کے حوالے سےعدالتی حکم پر بھی عمل نہیں ہورہا ہے۔
اس موقع پر جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ لازمی ووٹ کا قانون بنانا حکومت کا کام ہے، اس ملک کی بنیاد جمہوریت اور جمہوریت کی بنیاد انتخابات پر ہے۔
- Advertisement -
اعلیٰ عدالت نے دلائل سُننے کے بعد درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی اور الیکشن کمیشن اورحکومت سے جواب طلب کرلیا ہے۔