متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم شہید اورانکے شہید ساتھیوں کوان کی قربانیوں پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ہفتہ 18جنوری ” یوم خراج عقیدت “کے طورپرمنایاجائے گا اس سلسلے میں لیاری ایکسپریس وے کے اس مقام پر جہاں ایس پی چوہدری اسلم کی شہادت کاواقعہ پیش آیا وہاں شہید کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے گلدستے اورپھول رکھے جائیں گے اورشہیدوں کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی۔
دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے سول سوسائٹی،وکلاء سمیت عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادراورنڈرافسر چوہدری اسلم شہید اوران کے ساتھ شہیدہونے والے پولیس کے جوانوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہفتہ 18جنوری کو شام پانچ بجے شہادت کے مقام پرپہنچ کر گلدستے رکھیں اورشمعیں جلائیں۔
رابطہ کمیٹی نے پولیس افسران اورجوانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی چوہدری اسلم شہید اوراپنے دیگر شہید ساتھیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پھول چڑھائیں اورشمع جلائیں اوراس عزم کااظہارکریں کہ ملک وقوم کی بقاء کیلئے وہ بھی جرات وہمت کامظاہرہ کرتے رہیں گے اوراپنے شہیدساتھیوں کا مشن جاری رکھیں گے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ چوہدری اسلم شہید نے پاکستان کے خلاف سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اپنی جان دی ہے اور پوری قوم چوہدری اسلم شہید اوران کے شہیدساتھیوں کوسلام پیش کرتی ہے ۔