کراچی: ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے درمیان کشیدگی کے بعد پنجاب اور سندھ کے کئی شہروں میں ایم کیوایم کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور عمران خان کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔
ایم کیوایم اور تحریک انصاف کے رہنماوں کی بیان بازی مختلف شہروں میں کشیدگی بن کر پھیل گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی پریس کانفرنس کے بعد ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے جوابی پریس کانفرنس کی اور سخت ردعمل کا اظہار کیا۔
پریس کانفرس کے بعد مختلف شہروں میں ایم کیو ایم کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اورتحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔
ایم کیو ایم کے کارکنو ں نے اس موقع پر عمران خان کا پتلا بھی نذر آتش کیا اور تحریک انصاف کے چئیرمین کے خلاف شدید نعرے بازی کی، کارکنوں نے وحدت روڈ کو دونوں اطراف سے بند کردیا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
کارکنوں نے ہاتھوں میں الطاف حسین کی تصاوری اٹھا رکھی تھیں ،ان کا کہنا تھا جو بھی قائد تحریک الطاف حسین پر بے بنیاد الزامات لگائے گا اسے کسی صورت معاف نہیں کیا جائےگا۔
حیدر آباد میں بھی ایم کیوایم کے کارکن سڑکوں پر آگئے اور بڑی تعداد میں ایم کیوایم کے زونل آفس پہچ کر اپنے قائد الطاف حسین یکجہتی کا اظہار کیا۔
کوٹری ،جامشورو اور سندھ کے دیگر شہروں میں بھی ایم کیوایم کے کارکنان نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔