لاہور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو بائیس کے ووٹوں کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی ہے، الیکشن کمیشن نتیجہ جلد جاری کرے گا۔
این اے ایک سوبائیس پرتحریکِ انصاف کے مبینہ دھاندلی الزامات پر دو سو چوراسی پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی جانچ پڑتال کرلی گئی ہے،عمران خان کے وکیل کا کہنا ہے کہ دھاندلی ثابت ہوگئی ہے، این اے ایک سو چوبیس کے ووٹ بھی این اے ایک سو بائیس میں شامل کردیئے گئے۔
دوسری جانب ایازصادق کے وکیل کا کہنا ہے کہ عمران خان بڑے لیڈر ہونے کا ثبوت دیں اور قبول کرلیں کہ دھاندلی نہیں ہوئی، تحریکِ انصاف کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین نے گنتی کے دوران تیس ہزار جعلی ووٹ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
جانچ پڑتال کے بعد آئندہ چار روز میں رپورٹ الیکشن ٹربیونل کو جمع کرائی جائے گی۔
گیارہ مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں ایازصادق تیرانوے ہزار تین سونواسی ووٹ لیکر کامیاب قرارپائے تھے جبکہ عمران خان پچیاسی ہزار پانچ سو سترہ ووٹ لیکردوسرے نمبر پر رہے۔