باجوڑ ایجنسی: انسداد پولیو ٹیمیوں کی حفاظت پر مامور لیویز اہلکاروں کی گاڑی پر ریموٹ کنڑول بم حملہ ہوا ، جس کے نتیجے میں دو لیویز اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔
باجوڑ ایجنسی کے حکام کے مطابق دھماکہ تحصیل ماموند کے علاقہ ڈبر میں اس وقت ہوا جب لیویز اہلکار ایک پرائیوٹ گاڑی میں انسداد پولیو ٹیمیوں کی حفاظت کے لیے جا رہے تھے ، حکام کے مطابق گاڑی جب ڈبر کے ایک مقامی قبرستان کے قریب پہنچی تو نامعلوم افراد کی جانب سے سڑ ک کنارے نصب ریموٹ کنڑول بم زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار لیویز اہلکار اور ڈرائیور زخمی ہو گئے ،دھماکہ سے پک اپ گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ۔
دھماکہ کی آواز سنتے ہی مقامی لوگ اور امن کمیٹیوں کے رضاکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی شروع کی، زخمیوں کو فوری طور پر ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال خار پہنچا دیا گیا ۔ ابھی تک کسی نے بم دھماکہ کی زمہ داری قبول نہیں کی۔
سیکورٹی فورسز نے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کیا ہے ۔
منگل کے روز کالعدم تحریک طالبان نے ایجنسی کے مختلف علاقوں میں ایک پمفلٹ تقسیم کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ وہ انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو نشانہ بنائیں گے، پشتو زبان میں لکھی گی پمفلٹ میں عوام سے کہا گیا تھا کہ وہ انسداد پولیو مہم کے اہلکاروں سے دور رہیں۔