اسلام آباد : پاکستانی دفتر خارجہ نے باؤنڈری لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے معصوم شہریوں کی شہادت اور سیز فائر کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت پاکستان قیمتی جانوں کے نقصان پر سوگوار خاندوں سے تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ہندوستانی فورسز کی جانب سے نیو کین اور 2 دیگر پوسٹس پر صبح ساڑھے 5 بجے بلااشتعال فائرنگ کا آغاز کیا گیا اور شہریوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کا پاکستانی فورسز نے منہ توڑ جواب دیا۔
بیان کے مطابق پاکستان کو لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستان کی فائرنگ پر شدید تشویش ہے جبکہ ہندوستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سیز فائر معاہدے 2003 کی پاسداری کرے، تاکہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن قائم کیا جاسکے۔