سیالکوٹ : چارواہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی وجہ سے بارڈر کے قریبی بیس دیہات خالی کرالیے گئے جبکہ ایک سو بیس اسکولوں کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
بھارت اشتعال انگیزی سے باز نہ آیا، بھارتی فوج کی جانب سے سرحدی حدود کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے، بھارتی فوج نہتے پاکستانی شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کر رہی ہے، جس کی وجہ سے ستر ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔
چارواہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے بعد آج بارڈر کے قریبی بیس دیہات خالی کرالئے گئے ہیں، گزشتہ روز بھی ظفر وال کے سترہ اور شکر گڑھ کے چودہ دیہات خالی کرالئے گئے تھے جبکہ سرحدی علاقے میں ایک سو بیس سے زائد اسکولوں کو بھی غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ پانچ روز سے وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے وجہ سے خواتین سمیت درجن سے زائد افراد شہید اور پچاس سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، فائرنگ اور گولہ باری سے سرحدی علاقوں میں درجنوں مکانات تباہ اور سیکڑوں مویشی بھی بھارتی جارحیت کا نشانہ بن چکے ہیں۔
چناب رینجرز بھی بھارتی جارحیت پر بھرپور جوابی کارروائی کر رہی ہے، جس سے بھارتی فوج کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔