اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ جبر اور دھونس کےذریعے جمہور کے فیصلے تبدیل نہیں کیے جا سکتے اگر یہ اصول مان لیا گیا تو ملک میں کوئی آئین و قانون باقی نہیں رہے گا اور جنگل کا قانون رائج ہو جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ طاہر القادری اور عمران خان پاکستان میں جنگل کا قانون نافذ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ جتنا چاہے زور لگالیں اس ملک کی پارلیمنٹ ان کی کوشش کو ناکام بنادے گی، عمران خان سب کچھ ہوسکتے ہیں لیکن سیاست دان نہیں ہوسکتے، عمران خان سر کے بل بھی کھڑے ہوجائیں تو نواز شریف استعفیٰ نہیں دیں گے۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کوئی طاقت یا گروہ ہمیں جمہوریت کے راستے سے نہیں ہٹا سکتے، اس طرح نہ استعفے لیے جاتے ہیں اور نہ دیئے جاتے ہیں۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں آج جو بھی ہورہا ہے وہ ایک سازش کا حصہ ہے اور اس میں طاہر القادری، عمران خان، شیخ رشید، چوہدری برادران اور پرویز مشرف شامل ہیں، انھوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ امپائر کی انگلی اٹھنے والی ہے، کسی جمہوری شخص کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ ڈنڈے اٹھا کر دارالحکومت کو فتح کرنے پہنچ جائے۔ انہوں نے ملک میں جمہوریت کو ڈانواڈول کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے اپنی پارٹی میں پھوٹ ڈال دی ہے لیکن اپنی انا سے باز نہیں آتے۔