ایبٹ آباد: مسلم لیگ ن نے وزیرِ اعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد اکثریت سے منظور کرانے کا دعوی کردیا ہے، خیبر پختونخواہ اسمبلی میں ن لیگ کے پارلیمانی لیڈر کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کیلئے دیگراپوزیشن جماعتوں سمیت تیرہ اراکین پی ٹی آئی کی بھی حمایت حاصل ہے۔
ایبٹ آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرداراورنگزیب نلوٹھا کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور شہرام خان ترہ سے اپوزیشن کے رابطے جاری ہیں، ان رہنماؤں نے اراکین پی ٹی آئی کی جانب سے استعفی دئیے جانے کی صورت میں اپوزیشن کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سرداراورنگزیب کا کہنا تھا کہ ان کا یہ اقدام اسمبلی کے تحفظ کیلئے ہے تاکہ عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ اسمبلی تحلیل نہ کرسکیں، انکا کہنا تھا کہ چودہ روز کے اندر اسپیکر اجلاس بلانے کا پابند ہے، جس کے بعد رائے شماری کے ذریعےتحریکِ عدم اعتماد کامیاب بنائیں گے۔
انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نئے پاکستان کی بات کرنے والے خیبرپختونخواہ میں ایک سال میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکے۔