ڈھاکہ : پاکستان کرکٹ ٹیم کا پندرہ رکنی اسکواڈ اظہر علی کی قیادت میں بنگلہ دیش پہنچ گیا، کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ دورہ بنگلہ دیش میں سینئرز کی کمی محسوس ہوگی۔
دورہ بنگلہ دیش میں شامل ون ڈے سیریز پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی اور کھلاڑیوں کیلئے کڑا امتحان ہے، نوجوان کرکٹرز پر اہم ذمہ داریاں ہونگی، سعید اجمل اور محمد حفیظ اعتماد میں اضافہ کرینگے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان اظہر علی نے کہا کہ دورہ بنگلہ دیش کافی اہمیت رکھتا ہے۔
کپتان کا کہنا تھا کہ کیمپ میں کافی محنت کی گئی ہے، سینئرز کی کمی کو پورا کرنا آسان نہیں، اظہر علی نے کہا کہ بنگلہ دیشی ٹیم کی باتوں کا جواب گراؤنڈ میں دینگے۔
پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر سہیل خان کمر کی تکلیف کے باعث دورہ بنگلادیش سے باہر ہوگئےاور ان کےجگہ جنید خان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
قومی ٹیم پندرہ اپریل کو فتح اللہ میں پریکٹس میچ کھیلے گی، ون ڈے سیریز کا پہلا میچ سترہ اپریل کو ڈھاکہ میں ہوگا۔